جموں 25اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل آر آر بھٹناگر نے دعویٰ کیا ہے کہ پچھلے تین سالوں میں نکسلیوں کی کارروائیوں میں چالیس فیصد کمی آئی ہے اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس، سی آر پی ایف باغیوں کے اہم علاقوں میں اپنے کیمپ کھول رہی ہے۔
جموں میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بھٹناگر نے کہا کہ فورس کو نکسل کارروائیوں سے نمٹنے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اْن کی کارروائیاں اْن علاقوں میں کم ہوئی ہیں، جہاں اْن کا دبدبہ ہے اور سی آر پی ایف مختلف علاقوں میں پریشان حال عوام تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے۔سی آر پی ایف کا جموں و کشمیر پولیس، فوج اور دوسری ایجنسیوں کے ساتھ اچھا تال میل ہے۔ بھٹناگر نے جموں و کشمیر میں کہا کہ اِس سال دہشت گردی مخالف کارروائیوں میں142ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دو سو سے ڈھائی سو کی تعداد میں ملی ٹینٹ اب بھی وادی کشمیر میں سرگرم ہیں۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیر میں امن و قانون کی صورتحال بہتر ہے اور زخمی اہلکاروں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔